سرسی :10؍اکتوبر(ایس اؤ نیوز) کئی مہینوں تک متنازعہ بیانات سے دور رہتےہوئے اپنے علاج میں مصروف اترکینرا حلقہ کے رکن پارلیمان اننت کمار ہیگڈے صحت یابی کے بعد اپنی پرانی عادت کے مطابق دوبارہ متنازعہ اور اشتعال انگیز بیانات دیتے ہوئے سامنے آگئے ہیں ا ور ان کے تازہ بیانات سوشیل میڈیا پر وائرل ہورہےہیں۔
یاد رہے کہ پیر کو کاروار میں اپنے کٹر سیاسی دشمن سابق وزیر آنند اسنوٹیکر کےگھر پہنچ کر ان کی والدہ کی صحت یابی کی تمنا ظاہرکرکے نئی سیاسی چال کا عندیہ دینےوالے اننت کمار ہیگڈے ، منگل کو سداپور میں بی جے پی پسماندہ طبقات کے سماویش میں متنازعہ بیان دیتے ہوئے ثابت کرنےکی کوشش کی ہے کہ وہ اب بھی متنازعہ بیان دینے کی اپنی عادت سے باز نہیں آئے ہیں۔
سداپور کے پروگرام میں اننت کمار ہیگڈے نے کہاکہ ’’ساحلی پٹی کے اضلاع مکمل طورپر غداروں کی آماجگاہ بن چکے ہیں، ساحلی پٹی کی ترقی کی سہولیات غدار لوگ حاصل کررہےہیں، منگلورو کے اصل مکین کیرلا والے بن گئےہیں، منگلورو ہمارے ہاتھوں سے نکل رہاہے،وہاں صرف بڑے بڑے بھاشن دئیے جاتےہیں لیکن وہاں ترقی کا فائدہ کیرلا والے اُٹھا رہے ہیں ، اگر ترقی کافائدہ اچھوں کو ملتاہے تو کوئی بات نہیں، ہمارے ضلع ، شہر کی ترقی کا فائدہ ہمیں خود حاصل کرنا چاہئے، ہم لوگ دوسری جگہوں پر جا کر معمولی تنخواہوں پر چاکری کررہے ہیں، اترکنڑا ضلع کو ترقی کی راہوں پر لےجانے کے لئے اقدامات اٹھائےگئےہیں، انہوں نے کہا کہ ضلع میں بھی منگلورو کی طرح بہت بڑا پورٹ ،ائیر پورٹ اور شاہراہوں کی تعمیر ہوگی اس کے بعد ہی ہم چین سے بیٹھیں گے۔ ہیگڈے جو مسلسل اُترکنڑا میں ایم پی انتخابات میں جیت درج کرتے آئے ہیں، اب نیا دعویٰ کیا ہے کہ اگلے انتخابات یعنی سال 2024کے اندروہ یہ سب کر دکھائیں گے۔
پروگرام میں ریاستی کابینہ کے وزیر شری نواس پجاری بھی موجود تھے۔ ایم پی اننت کمارہیگڈے کے یہ بیانات کہاں جا کر ختم ہونگے اور مزید کیاکیا گل کھلائیں گے،یہ آگے دیکھنا ہوگا۔